58

عمران خان کی نیب میں پیش ہونے سے معذرت

پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹرز کے استعمال کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انتخابی مصروفیات کے باعث نیب کے سامنے پیش ہونے سے معذرت کرلی۔عمران خان کے وکیل بابر اعوان کی جانب سے نیب کو مراسلے کے ذریعے جواب بھجوایا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ انتخابات قریب ہیں، عمران خان تحریک انصاف کی انتخابی مہم کی قیادت کررہے ہیں اس لیے 18 جولائی کو طے شدہ مصروفیات کے باعث ان کا نیب میں پیش ہونا مشکل ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے فوری بعد عمران خان ترجیحاً نیب کے روبرو پیش ہوں گے اس لیے نیب مناسب سمجھے تو آئندہ سماعت کے لیے 7 اگست کی تاریخ مقرر کرلے۔مراسلے میں بابر اعوان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے نیب کی تحقیقات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی عزائم سے مبرا مکمل طور پر شفاف احتساب کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

ہمیشہ نیب کو مضبوط بنانے کی وکالت کیا ور انتخابات میں کامیاب ہوئے تو نیب کو مضبوط بنائیں گے۔دوسری جانب نیب خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ عمران خان کے وکیل کی جانب سے درخواست موصول ہوگئی ہے جس میں عمران خان کے انتخابی مہم میں مصروف ہونے کے باعث وقت مانگا گیا ہے۔واضح رہے کہ نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمران خان ایم آئی 17 پر 22 گھنٹے اور ایکیوریل ہیلی کاپٹر پر 52 گھنٹے پرواز کی اور اوسطا 28 ہزار روپے کے حساب سے 74 گھنٹوں کے 21 لاکھ 7 ہزار 181 روپے ادا کیے۔