51

ڈرنے والے نہیں ٗ میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے ٗ اسفندیار

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ پختون من حیث القوم 25جولائی کو اے این پی کو کامیاب کر کے دہشت گردوں کو جواب دیں،عمران خان نے سیاست سے شائستگی ختم کی اور اب سیاسی کارکنوں کو گالیاں دینے پر اتر آ ئے ہیں ایسا شخص قوم کی نمائندگی کا حق نہیں رکھتا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں شہید شعیب خان کاکا کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع اے این پی صوابی کے صدر امیر رحمان اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ آج صورتحال2013سے مختلف ہے ، گزشتہ الیکشن میں صرف اے این پی کو ٹارگٹ کیا گیا جبکہ آج تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔

پشاور ، بنوں اور مستونگ میں دھماکوں سے ثابت ہو چکا ہے کہ یہ سب لاڈلے کو کھلا میدان فراہم کرنے کیلئے ہے ، انہوں نے کہا کہ جو شخص وزارت عظمی کیلئے سینکڑوں انسانوں کی جانیں لے سکتا ہے وہ قوم کا خیر خواہ کیسے ہو سکتا ہے؟ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ سابق حکومت نے مدرسے کو جو57کروڑ روپے دیئے اس کے نتیجے میں اس بار الیکشن میں ووٹ اورپانچ سال خاموش رہنے کی ڈیل شامل تھی ،اسفندیا رولی خان نے کہا کہ ہم دھماکوں سے ڈرنے والے نہیں الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے اور کامیاب ہو کر دہشت گردی کے ناسور کا جڑ سے خاتمہ کریں گے۔

، انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ اگر الیکشن سے قبل مجھے بھی شہید کر دیا جائے تب بھی الیکشن کا بائیکاٹ نہ کیا جائے،انہوں نے نگران حکومتوں اور ریاستی اداروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابات ملتوی ہوئے تو ملک اور سسٹم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا،انہوں نے کپتان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ حساب کرنے والے اپنے والد کی کرپشن کا ریکارڈ بھی ساتھ لائیں جنہیں تاریخ میں پہلی بار کرپشن کے الزام میں نکالا گیا،انہوں نے کہا کہ پرویز خٹک آج پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو فحش گالیاں دیتے وقت شاید بھول گئے ہیں کہ وہ پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہو چکے ہیں اور ان کے گھر پر بھی پیپلزپارٹی کا جھنڈا لگا ہوتا تھا،انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ایک جانب نظریہ اور دوسری جانب چمک کی سیاست والے گردش کر رہے ہیں۔