50

کلبھوشن کیس : پاکستان کا جواب الجواب عالمی عدالت انصاف میں جمع

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے دہشت گرد کلبھوشن جادو کیس میں اپنا جواب الجواب عالمی عدالت انصاف میں جمع کرادیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ محمد فیصل کے مطابق پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر انڈیا فاریحہ بگٹی نے ڈوزیئر جمع کرایا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہیگ میں پاکستانی سفارتخانے کے افسر وسیم شہزاد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ہیگ کی عالمی عدالت میں جمع کرائے گئے چار سو صفحات پر مشتمل جواب میں بھارت کے تمام اعتراضات کو مسترد کیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی جواب اٹارنی جنرل کی سربراہی میں ماہرین کی ٹیم نے مرتب کیا ہے۔یہ پاکستان کی جانب سے جواب الجواب میں پہلا جواب ہے جبکہ کیس میں عالمی عدالت میں جمع کرائے گئے جوابات میں مجموعی طور پر دوسرا جواب ہے۔سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کی جانب سے جواب میں بھارتی سوالات پر تفصیل سے جواب دیا گیا ہے۔اس سے پہلے پاکستان نے بھارتی دہشت گرد کمانڈر کلبھوشن کے کیس میں اپنا جواب 13دسمبر 2017 کو جمع کرایا تھا۔

واضح رہے کہ کلبھوشن جادو کو 3 مارچ 2016 کو بلوچستان کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا، اس پر پاکستان میں دہشت گردی اور جاسوسی کے سنگین الزامات ہیں اور بھارتی جاسوس نے تمام الزامات کا مجسٹریٹ کے سامنے اعتراف بھی کیا ہے۔

رواں برس 10 اپریل 2017 کو کلبھوشن جادو کو جاسوسی، کراچی اور بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے پر سزائے موت سنائی گی تھیلیکن بھارت کی جانب سے عالمی عدالت میں معاملہ لے جانے کے سبب کلبھوشن جادو کی سزا پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔