کوہاٹ؍جلال آباد۔ افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں طالبان نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرکے سات پولیس اہلکاروں کوماردیا جبکہ جوابی کاروائی میں پانچ طالبان بھی مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق صوبہ ننگرہار کے ضلع غنی خیل کے علاقہ فراش میں طالبان حملہ آوروں نے پولیس چیک پوسٹ پر دھاوا بول کر افغان پولیس کے سات اہلکاروں کوموت کے گھاٹ اْتاردیا۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبائی گورنر کے ترجمان عطاء اللہ خوگیانی نے واقعہ کی تصدیق کردی ہے جبکہ پولیس کے صوبائی سربراہ غلام ستانکزئی نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے پانچ طالبان حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ادھرافغان آرمی کے ظفرکور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مغربی صوبہ فراہ کے ضلع شیب کوہ کی حدود میں ایک جھڑپ کے دوران چھ طالبان اور دو فوجی ہلاک ہوگئے۔