77

ہارون بلور کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی‘ بابک

پشاور ۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے پشاور ، بنوں اورمستونگ میں ہونے والی دہشت گردی کی کاروائیوں کو موجودہ نگران حکومتوں کی ناکامی تصور کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہارون بشیر بلور کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور اے این پی الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے22بونیر میں اپنی انتخابی مہم کے دوران مختلف مقامات پر شمولیتی تقاریب اور انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر بیشتر افراد نے مختلف جماعتوں سے مستعفی ہو کر اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ کئی اہم شخصیات نے الیکشن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا 

سردار حسین بابک نے کہا کہ اے این پی ایک مضبوط اور منظم جماعت ہے اور اس کی مقبولیت میں اضافے سے مخالف قوتیں بزدلانہ اقدامات پر اتر آئی ہیں،انہوں نے کہا کہ ہارون بشیر بلور پر حملہ انتخابی عمل پر نہیں بلکہ اے این پی کو الیکشن عمل سے باہر کرنے کی سازش ہے تاہم دشمن کچھ بھی کر لے ہم ڈٹے رہیں گے اور میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ، انہوں نے کہا کہ2013میں بھی دہشت گردوں نے ہمیں دیوار سے لگانے کیلئے ٹارگٹ کیا لیکن اب صورتحال مختلف ہے اور دکھائی دے رہا ہے کہ ایک مخصوص شخص کو وزیر اعظم بنانے کیلئے باقی تمام جماعتوں کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی کسی صورت دشمنوں کی سازش کے سامنے نہیں جھکے گی