99

پشاور جی ٹی روڈ پر حادثہ‘ 2افراد جاں بحق

پشاور۔پشاور میں جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب ایک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تھانہ چمکنی پولیس کے مطابق فضل الرحمن ولد حکیم خان ساکن پشاور نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز وہ راستے سے گزر رہا تھا کہ اس دوران سڑک پر ایک شخص زخمی حالت میں پڑا ہوا تھا جسے گاڑی نے کچل دیا تھا، مجروح کو طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ،

پولیس کے مطابق بعد ازاں متوفی کی شناخت فردوس خان ولد تواب خان ساکن چارسدہ ماجوگی پڑانگ سے ہوگئی جو چارسدہ سے سرسو کا تیل فروخت کرنے کیلئے پشاور آیا تھا جس کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی اور مقدمہ درج کرکے غفلت کے مرتکب سوزوکی ڈرائیور نیاز علی ولد ریاض ساکن اکبر پورہ کو گرفتار کرلیا۔ دریں اثناء جی ٹی روڈ پر تھانہ چمکنی کی حدود میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 65 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت نہ ہوسکی جبکہ غفلت کا مرتکب ڈرائیور وقوعہ کے بعد گاڑی سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔