56

اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری

اسلام آباد: ایف آئی اے نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کرتےہوئے ان کی گرفتاری کے لیے انٹرپول کو درخواست دے دی۔

پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا جس میں انہیں مفرور قرار دیا جاچکا ہے۔سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے۔

اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں، وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ایف آئی اے نے ریڈ وارنٹ جاری کیے، ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد انٹرپول کو درخواست کردی ہے۔دوران سماعت وزارت داخلہ کی جانب سے اسحاق ڈار کی واپسی سے متعلق جواب بھی سپریم کورٹ میں جمع کرایا گیا۔

جسٹس سردار طارق نے اٹارنی جنرل نے استفسار کیا کہ اسحاق ڈار کی بیرون ملک جائیداد ضبط کرنے کے حوالے سے کیا کیا؟ اس پر انہوں نے بتایا کہ جائیداد ضبطگی کی درخواست بھی ریڈ وارنٹ کے ساتھ لگا دی ہے۔