97

بنوں: اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب بم دھماکا، متعدد افراد زخمی

بنوں: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب بم حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، تاہم وہ خود اس واقعے میں محفوظ رہے۔

اکرم خان درانی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)کے ٹکٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق اکرم خان درانی انتخابی جلسے میں شرکت کے لیے جارہے تھے کہ حوید کے علاقے میں ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) خرم رشید نے بم دھماکے میں اکرم خان درانی کے محفوظ ہونے کی تصدیق کی۔

اکرم خان درانی کے قافلے پر حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب 10 جولائی کو صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے یکہ توت میں کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں پی کے 78 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 22 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔