108

پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کو اہم عہدہ تفویض

واشنگٹن۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغان پالیسی پرپاکستان کی حمایت حاصل کرنے کیلئے پاکستان میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو اہم ذمہ داری دے دی گئی ہے تا کہ وہ جنوبی ایشیا میں امریکا کی حکمت عملی کے نفاذ کویقینی بنا سکیں۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں اس بات کا اعلان کیا گیا کہ ڈیوڈ ہیل کو امریکی سیکریٹری خارجہ کے ماتحت سیکریٹری برائے سیاسی امور نامزد کردیا گیا ہے۔

ان کا یہ عہدہ امریکی دفتر خارجہ میں سیکریٹری خارجہ اور نائب سیکریٹری خارجہ کے بعد تیسری حیثیت کا حامل سمجھا جائے گا، جبکہ سفارتکاروں میں ان کی حیثیت سب سے اعلیٰ ہوگی۔خیال رہے کہ ڈیوڈ ہیل 2015 سے پاکستان میں بطور امریکی سفیر تعینات ہیں، اور امریکا کے سیاسی حلقوں میں ایسے سفارتکار کے طور پر معروف ہیں جو پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے پرزور حامی ہیں۔

واضح رہے کہ پاک بھارت تعلقات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی گزشتہ برس اگست میں پیش کی گئی پالیسی برائے جنوبی ایشیا کا اہم نکتہ ہے۔امریکی حکومت چاہتی ہے کہ پاکستان اور بھارت, افغانستان میں ایسی صورتحال تشکیل دینے میں معاونت کریں کہ امریکا باآسانی اپنی افواج افغانستان سے واپس بلا سکے اور اس کے بعد امریکی حمایت یافتہ افغان حکومت کے گرنے کاخدشہ نہ ہو۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رواں ہفتے دورہ کابل کے دوران امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے بیان دیا تھا کہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک امن مذاکرات کی حمایت کریں، تا کہ افغانستان میں ا?زادانہ اور منصفانہ انتخابات کروانے کی امریکی کوششوں کو سہارا مل سکے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ امریکا افغانستان میں تشدد سے پاک انتخابات کا انعقاد چاہتا ہے، اور اس کے لیے خطے کے تمام عناصر کی حمایت درکار ہے۔

دوسری جانب امریکا میں موجود پالیسی میکرز کا اس بات پر یقین ہے کہ پاک بھارت تعلقات معمول پرلائے بغیر اور دونوں ممالک کی تعاون کے بغیر افغانستان میں امن کا قیام نا ممکن ہے۔بظاہر امریکی انتظامیہ یہ سمجھتی ہے کہ ڈیوڈ ہیل جو اسلام آباد میں امریکی حمایت کی راہ ہموار کرتے رہے ہیں، خطے میں امریکا کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔دوسری جانب امریکی سینیٹ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کردی گئی ہے کہ ڈیوڈ ہیل، 4 جون کو ریٹائر ہونے والے تھامس اے شینون کی جگہ لیں گے جو اس سے قبل تیونس، بحرین، سعودی عرب اور اقوامِ متحدہ میں فرائض انجام دے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈیوڈ ہیل امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے اسرائیل، مصر اور فلسطینی، اسرائیلی امور کے ڈائریکٹر اور سابق سیکریٹری خارجہ میڈلائن البرائٹ کے لیے بطور ایگزیکٹو اسسٹنٹ بھی رہ چکے ہیں۔نیو جرسی کے رہائشی، اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے شعبہ خارجہ امور سے فارغ التحصیل ڈیوڈ ہیل کو عربی زبان پر عبور حاصل ہے۔