48

اقتدار میں آ کر کرپشن کے تمام کیسز کھولیں گے ٗ حیدر ہوتی

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ آنے والے الیکشن پختون قوم کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اس لیے کارکن بھرپور تیاریاں کریں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تہکال بالا پشاور میں انتخابی مہم کے دوران بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت کا رجحان اے این پی کی طرف ہے ، سابق حکومت نے جس طرح پختونوں کو محرومیوں کے اندھیروں میں دھکیلا وہ اس کا ازالہ کیا جائے گا۔

سابق وزیر اعلیٰ نے بی آر تی کے نام پر پشاور کو آثار قدیمہ میں تبدیل کر دیا ، یہ وہی میٹرو ہے جسے پی ٹی آئی والے پنجاب میں جنگلہ بس کہتے رہے لیکن اپنی کمیشن اور کرپشن کیلئے اسی جنگلہ بس کا سہارا لیا اور پشاور کو اجاڑ کر گھروں کو چلے گئے ،امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ خزانہ خالی کر دیا گیا ہے اور آج سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن ادا کرنے کیلئے خزانے میں رقم موجود نہیں۔

جس کی اے این پی ایک عرصہ سے نشاندہی کرتی آئی ہے انہوں نے مزید کہا کہ سابق حکومت نے370ارب کا قرضہ لے کر ہڑپ کر لیا ، نیب نے کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت میں آ کر کرپشن کے تمام کیسز کھولیں گے اور قوم کی ایک ایک پائی وصول کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پی ٹی آئی نے پختونخوا کی ترقی سوشل میڈیا تک محدود رکھی اور اسے عملی جامہ نہیں پہنایا ۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ الیکشن مہم میں تیزی لائیں اور25جولائی کو کامیابی کی نوید سنائیں۔، انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آ کر پشاور کی عظمت رفتہ بحال کریں گے اور بی آر ٹی منصوبہ اے این پی مکمل کرے گی ۔