82

بنوں میں ایم ایم اے امیدوار کے قافلے پر حملہ

بنوں۔ ایم ایم اے کی پی کے 89 اُمیدوار کی گاڑی پر ریمورٹ کنٹرول بم دھماکہ میں اُمیدوارشیرین مالک سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے جبکہ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا گزشتہ روز متحدہ مجلس عمل حلقہ پی کے 89 کے اُمیدوار ملک شیرین مالک اپنی گاڑی میں حامیوں کے قافلے کے ساتھ انتخابی مہم کے حوالے سے بکاخیل جلسہ میں شرکت کیلئے جارہے تھے ۔

جب اُن کی گاڑیوں کا قافلہ تھانہ بکاخیل کی حدود میں واقع غوڑہ بکاخیل پہنچا تو یہاں پر نامعلوم شرپسندوں کی طرف سے موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بم اُمیدوار کی گاڑی کے ساتھ زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار ملک شیرین مالک ولد قربان علی ، حضرت علی ولد حکم ساکنان سردی خیل ، شیر اعمال ولد غلام رسول ساکن حکم زاد درے دڑیز ، حبیب اللہ ولد جہانگیر ساکن نرمی خیل ، ایف سی اہلکارزرمحمد ولد میر تندر ساکن نورڑ ، شیرزاد ولد فضل میر ساکن ممش خیل ، ڈرائیور رضوان ولد شلیل ساکن سردی خیل اور مولانا رحمت اللہ ساکن ہوید زخمی ہوگئے۔

جنہیں موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر اُٹھا کر ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایادھماکہ سے گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچی اور علاقہ کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کیا تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔