154

مریم نواز کا والد کے ہمراہ جمعہ کو وطن واپس آنے کا اعلان

لندن: مریم نواز نے کہا ہے کہ وہ والد کے ہمراہ جمعہ کو وطن واپس آرہی ہیں جب کہ نیب کا کہنا ہے نوازشریف اورمریم نواز کو پاکستان پہنچتے ہی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا جائے گا۔

مریم نواز کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ڈاکٹر والدہ کے حوالے کچھ نہیں بتارہے کہ وہ کب تک ہوش میں آجائیں گی لیکن ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جمعہ کو انشااللہ پاکستان واپس پہنچ جائیں گے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوازشریف اورمریم نواز اسلام آباد ایئرپورٹ پر اتریں گے۔

دوسری جانب لندن میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا پورا فیصلہ مفروضات پر دیا گیا اور اس میں صرف نوازشریف کو نشانہ بنایا گیا، فیصلے کے خلاف اپیل کے لیے قانونی راستہ اپنائیں گے اور اگر تحقیقات میں برطانیہ سے مدد مانگی گئی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا کیوں کہ جب برطانیہ نے ٹرسٹ ڈیڈ کو درست قراردے دیا تو پاکستانی عدالت اسے غلط کیسے کہہ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  فیصلے میں کہیں نہیں لکھا کہ کرپشن ہوئی تو سزا کس بات پر دی گئی، نوازشریف اس کیس سے بری ہوئے انہوں نے کوئی کرپشن نہیں کی۔

مریم نواز نے کہا کہ کوئی بھی شخص میری اور بھائی کی ٹرسٹ ڈیڈ کو غلط نہیں کہہ سکتا اور کسی بھی صاف شفاف عدالت سے اتنا کمزور فیصلہ نہیں آسکتا اگر کہا جائے کہ فیصلے میں مضحکہ خیز چیزیں ہیں تو یہ بے جا نہ ہوگا۔

دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے احتساب عدالت سے نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر (ر) کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے ہیں۔

نیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ احتساب عدالت سے حاصل کرلیا ہے اور گرفتاری کے وارنٹ بھی حاصل کرلئے ہیں۔ قانون کے مطابق نواز شریف، مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، حسن اور حسین نواز کی گرفتاری کے لئے لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

نیب کا کہنا ہے نوازشریف اورمریم نواز کو پاکستان پہنچتے ہی ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا جائے گا۔