نیویارک ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے دنیا بھر سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے عالمی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور د یتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں دہشت گردی سے نمٹنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہیں، دہشت گردی اور انتہا پسندی آج بھی سلامتی کیلئے بڑے خطرات میں شامل ہیں ، انکے باعث دنیا کے کئی حصوں میں عدم استحکام بڑھ رہاہے۔
پاکستان نے ا نسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں کامیابیاں بڑی قربانیوں اور مالی نقصان کی قیمت پر حاصل کی ہیں ۔اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیو یارک میں پہلی بار منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کانفرنس کے دوران ایک مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے دنیا بھر سے دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کیلئے عالمی تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں دہشت گردی سے نمٹنے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی آج بھی سلامتی کیلئے بڑے خطرات میں شامل ہیں جن کے باعث دنیا کے کئی حصوں میں عدم استحکام بڑھ رہاہے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نیا نسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں یہ کامیابیاں بڑی قربانیوں اور مالی نقصان کی قیمت پر حاصل کی ہیں تاہم اس سے اس عفریت سے نمٹنے کیلئے ملک کا عزم متزلزل نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ملک اور خطے میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی روک تھام کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریز کی طرف سے دہشت گردی کے درپیش خطرے سے عہدہ برآ ہونے کیلئے عالمی تعاون مضبوط بنانا کے موضوع پر بلائی گئی اس کانفرنس کا مقصد عالمی برادری کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو مضبوط کرنے کے حوالے سے کثیر الجہتی تعاون کے لئے نئی شراکت داری قائم کرنا تھا۔