جدہ ۔سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے شامی شہریوں کو حج پرآنے سے روک دیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی وزارت حج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیاہے کہ شامی شہریوں کے حج پر پابندی کی خبریں من گھڑت ہیں۔ حکومت نے 18000 شامی شہریوں کے حج کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
ان میں شامی عازمین حج کے ہمراہ آنے والے طبی اور انتظامی عملے کے850 افراد بھی شامل ہیں۔خیال رہے کہ سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے حج اور عمرہ کے مواقع پر فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات پر شامی حجاج کرام نے الریاض کی تعریف کی ہے۔سعودی عرب کی وزارت حج کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شامی پاسپورٹ کے حامل افراد کو حج کی ادائیگی سے روکنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
شام سمیت کسی بھی دوسرے ملک کے مسلمانوں کو فریضہ حج کی ادائیگی سے روکنے کا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔ سعودی حکومت رنگ، نسل، زبان اور دیگر کسی بھی قسم کے امتیازات سے بالا تر ہوکر دنیا بھر کے مسلمانوں اور فرزندان توحید کے فریضہ حج کی ادائی میں ان کی مدد کو اپنا فرض سمجھتا ہے۔ بیان میں مزید کہاگیا ہے کہ سنہ 1439ھ کے حج کے موقع پر دنیا بھر کے80 ممالک سے لاکھوں عازمین حج کی رجسٹریشن مکمل کرلی گئی ہے۔