65

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ہڑتال، کئی حریت رہنما گرفتار

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت اور معصوم کشمیری نوجوانوں کی ماورائے عدالت قتل کے خلاف حریت قیادت کی کال پر آج شٹرڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے۔ 

کشمیر میڈیا سیل کے مطابق حریت پسند رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی اپیل پر وادی میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث تمام تعلیمی ادارے بند اور کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں جب کہ ذرائع آمد و رفت نہ ہونے کی وجہ سے شاہراہیں سنسان ہیں اور وادی کے مختلف علاقوں میں مظاہرہوں کا سلسلہ جاری ہے جسے روکنے کے لیے قابض بھارتی فوج نے اہم مقامات پر نفری بڑھا دی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ضلع کلگام میں قابض بھارتی فوج کے جعلی مقابلے میں تین نوجوانوں کی شہادت یر کی جارہی ہے۔ تینوں کشمیری طالب علموں کو بھارتی فورسز نے حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کردیا تھا اور لاشیں ویران جگہ پر پھینک دی تھیں جب کہ صرف مئی میں 50 کے قریب کشمیریوں کو شہید کیا گیا تھا۔