ریاض: سعودی عرب میں آج سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 80 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔سعودی خبر ایجنسی کے مطابق حکومت نے آمدنی میں اضافے اور معاشی اصلاحات کے سلسلے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تقریباً اسی فیصد تک اضافے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی سربراہی میں کابینہ کے اجلاس کے دوران اصلاحات پروگرام کے تحت بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی گئی۔
سعودی موجودہ حکومت کی جانب سے دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم حکومت نے مہنگائی سے متاثر ہونے والے 3.7 ملین سعودی خاندانوں کے لئے نقد رقم کی فراہمی کی بھی منظوری دی۔
نقد رقم کی فراہمی کا اطلاق ملک میں رہنے اور کام کرنے والے تارکین وطن پر نہیں ہوگا جب کہ نقد رقم کی فراہمی آئندہ ہفتے سے شروع کی جائے گی۔
کابینہ سے منظوری کے بعد وزیر توانائی نے کہا کہ پیٹرول، ڈیزل اور ایوی ایشن فیول کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم انہوں نے اس کی تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق سعودی کابینہ کے فیصلے کے بعد پیٹرول آکٹین 91 کی فی لیٹر قیمت ایک ریال 37 ہلالہ (Halalah) ہوگی جو اس سے قبل فی لیٹر محض 75 ہلالہ تھی۔
جب کہ پیٹرول آکٹین 95 کی نئی قیمت دو ریال اور چار ہلالہ ہوگی جو اس سے قبل صرف 95 ہلالہ میں دستیاب تھا۔