62

عمران خان کا متنازع ٹکٹوں پر نظرثانی کا اعلان

مدینہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 90 فی صد پارٹی ٹکٹ ٹھیک دیے گئے، 10 فی صد پر پرانے کارکنوں کے تحفظات دور کریں گے۔

سعودی شہر مدینہ میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جمعرات سے متنازع ٹکٹوں پرنظرثانی شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عوام مجرم کو حکمران بنا دیں تو ملک تباہ ہوجاتے ہیں،کبھی یہ نہیں سوچنا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے خیبرپختونخواہ کو ترقی کی راہوں پر ڈال دیا ہے، صوبہ صحت، تعلیم اور ماحولیات میں دیگر صوبوں سے آگے نکل گیا ہے۔سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب کے حوالے سے حالیہ تنازع پر ان کا کہنا تھا کہ کتاب کی اشاعت یا کسی بھی اسکینڈل سے تحریک انصاف کونقصان نہیں پہنچے گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے 2013 میں آر اوز کی مدد سے نوازشریف کوجتوایا،جب نواز شریف نے ان کو صدر نہیں بنایا تو وہ پیچھے ہٹ گئے۔تحریک انصاف کے چیئرمین آج عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ جائیں گے۔یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے 8 جون کو قومی اسمبلی کے 173 اور صوبائی اسمبلیوں کے 290 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا تھا۔

امیدواروں کے اعلان کے بعد عمران خان کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ امیدواروں کا انتخاب نہایت اہم مگر کٹھن مرحلہ تھا لیکن نہایت محنت و دیانتداری سے فیصلے کیے۔ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، فطری امر تھا کہ سب ٹکٹس دینا ممکن نہ تھا، جہاں ضرورت محسوس کی خفیہ انداز میں عوام اور کارکنان سے رائے لی، دیرینہ کارکنان اور پارٹی وفاداری کو فیصلہ سازی میں ملحوظ خاطر رکھا۔

تاہم اس بیان کے باوجود کئی پارٹی کارکنان نے ٹکٹوں کی تقسیم کو غیر منصفانہ قرار دے کر احتجاج کیا۔