55

افغان صدر کا عید پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان

کابل: افغانستان کی حکومت نے عیدالفطر پر طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کردیا تاہم اس کا کہنا ہے کہ دیگر مسلح تنظیموں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ 27 ویں روزے سے عید کی تعطیلات تک جنگ بندی جاری رہے گی۔ اشرف غنی نے کہا کہ یہ جنگ بندی صرف طالبان کے ساتھ ہوگی اور افغان سیکورٹی فورسز داعش اور دیگر غیر ملکی تنظیموں کے خلاف آپریشن بند نہیں کریں گی۔ افغان صدر نے کہا کہ طالبان کے ساتھ جنگ بندی کا یہ فیصلہ افغان علما کے تاریخی فتوے کی روشنی میں کیا گیا۔

افغان حکومت نے عید پر 5 دن کی چھٹیوں کا اعلان کیا ہے اور دونوں فریقوں نے معاہدے کا احترام کیا تو یہ سیز فائر 12 سے 19 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔ ادھر طالبان نے تاحال افغان حکومت کی اس پیش کش کا جواب نہیں دیا۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم اس حوالے سے اپنے اعلیٰ حکام سے پوچھ کر جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل افغانستان میں حکومت کے خلاف جنگ کو حرام قرار دینے والے علمائے کرام کے اجلاس میں دھماکا ہوا تھا جس سے 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔  دھماکے سے کچھ دیر قبل 2 ہزار سے زائد علمائے کرام نے اس اہم اجلاس میں افغانستان میں حکومت کے خلاف جاری جنگ کو غیر شرعی اور غیر آئینی قرار دیتے ہوئے حکومت کے خلاف ہتھیار اُٹھانے والوں کو شر پسند قرار دیا تھا۔