واشنگٹن: امریکا نے پاکستان اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کا خیر مقدم کیا ہے۔
ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک-بھارت تعلقات کی بحالی سب کے مفاد میں ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل (29 مئی کو) پاک بھارت ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز(ڈی جی ایم اوز) نے ہاٹ لائن رابطے کے دوران 2003 میں ہونے والے جنگ بندی (سیز فائر) معاہدے پر اُس کی روح کے مطابق عمل کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے درمیان سرحد کے ساتھ رہنے والے شہریوں کومشکلات سے بچانے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں ایک معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، لیکن اس کے باوجود بھی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔