92

امریکی شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ، 10 افراد ہلاک

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ سے ایک پولیس افسر بھی زخمی جبکہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔واقعے کے بعد اسکول کے طالب علموں کی تلاشی لی جارہی ہے—تصویر بشکریہ سی این این۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ فائرنگ کی جگہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ واقعے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

حملہ آور ممکنہ طور پر اسکول کا طالب علم ہے جس نے کلاس میں گھس کر شاٹ گن سے فائرنگ کردی۔سنتافی کے شیرف ایڈ گنزالیز کے مطابق حملہ آور کے علاوہ ایک اور شخص کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر طالب علم ہیں۔امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 9 طالب علم اور ایک استاد شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق اسکول کے احاطے سے کئی دھماکا خیز ڈیوائسز بھی ملی ہیں جبکہ  حملہ آور کی شناخت 17سالہ ڈیمر یریوس کے نام سے ہوگئی۔واقعے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ خدا رحم کرے خبریں اچھی نہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ آٹھ روز کے دوران کیسی امریکی اسکول میں فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے جبکہ رواں سال ایسے 22 واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔

فروری میں ریاست فلوریڈا کی کاؤنٹی پارک لینڈ میں واقع ایک ہائی اسکول میں سابق طالب علم کی فائرنگ کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ گزشتہ سال نومبر میں ریاست کیلیفورنیا کے ایک اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے تھے۔