76

سعودیہ کا پاکستانی طالبعلموں کے وظیفوں میں اضافے کا اعلان

ریاض ۔سعودی عرب نے پاکستانی طالبعلموں کیلئے وظیفوں میں اضافہ کر دیا ، وظائف کی تعداد بڑھا کر 580 کر دی گئی ۔سعودی عرب کے سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر حمد ناصر المحرج نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستانی طالب علموں کے لیے وظائف کی تعداد بڑھا کر 580 کر دی ہے۔مزید تفصیلات کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے سیکرٹری تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمد ناصر المحرج نے پاکستانی کے صدر ممنون حسین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ یاد رہے کہ سعودی عرب کے سیکرٹری تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمد ناصر المحرج پاکستان دورے کے لیے آئے ہوئے ہیں اور اس دوران انہوں نے پاکستانی کے صدر ممنون حسین سے اپنے وفد کے ہمراہ ایوان صدر میں ملاقات کی اور دیگر موصوعات کو زیر بحث رکھا ۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہب ، ثقافت اور تاریخ کے انتہائی گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جن کی مثال نہیں ملتی۔ مستقبل میں ان تعلقات میں مزید گہرائی اور گرمجوشی پیدا ہو گی۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ اعلی وفود کے دوروں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بہتر اور خوشگوار بنانے میں مزید مدد ملے گی اور خاص طور پر تعلیم کے شعبے میں تعاون میں مزید اضافہ ہو گا۔صدر ممنون حسین نے تجارت سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا توازن اپنی گنجائش سے بہت کم ہے جس میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ توازن بہتر ہو گا اور دونوں ملکوں کے مفاد میں ہو گا۔ صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ سعودی سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں صنعت وتجارت اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ سعودی عرب کے تعاون سے بنائی جانے والی اسلام آباد یونیورسٹی کی کارکردگی شاندار ہے ۔ تعلیم کے شعبے سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے نے ممنون حسین نے سعودی وفد کو مشورہ دیا کہ اسلام آبا د یونیورسٹی کو ایک کیمس سعودی عرب کے کسی اہم شہر میں بھی ہونا چاہیے ۔اس مشورے پر سعودی عرب کے سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر حمد ناصر المحرج نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا اور جس حد تک وہ اس میں تعاون کر سکتا ہے ضرور کرئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستانی طالب علموں کے لیے وظائف کی تعداد بڑھا کر 580 کر دی ہے۔