83

بھارتی فورسز کی بربریت جاری ، 4کشمیری شہید

سرینگر ۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی بربریت جاری ہے ،ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائیوں میں مزید 4کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فوجیوں نے تین نوجوان کو سرینگر کے علاقے چھتہ بل میں محاصرے اور تلاشی کی ایک پرتشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔ اس سے پہلے بھارتی فوج کا ایک اہلکار بھی اسی علاقے میں ایک حملے میں زخمی ہوا تھا۔

چھتہ بل اور اس کے مضافات میں لوگوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور احتجاجی مظاہرین اور بھارتی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ بھارتی فوج اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ۔ دریں اثناء سرینگر کے علاقے صفاکدل میں احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی فورسز کی ایک گاڑی نے جان بوجھ کر ایک اور نوجوان عادل احمد کو ٹکر مارکر شہید کردیا۔ 

عادل کو زخمی حالت میں ایس ایم ایچ ایس ہسپتال لے جانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایس ایم ایچ ایس ہسپتال کے باہر بھارتی پولیس نے لوگوں سے نوجوان کی میت چھین لی۔قابض انتظامیہ نے لوگوں کو چھتہ بل میں صورتحال کے حوالے سے معلومات کا تبادلہ کرنے سے روکنے کیلئے سرینگر میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ۔

دریں اثناء معصوم شہریوں کے مسلسل قتل عام کے خلاف سرینگر کے علاقے حید پورہ میں حریت رہنما غلام نبی سمجھی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرین نے اسلام ا ور آزادی کے حق میں نعرہ بلند کئے اور معصوم شہریوں کا قتل عام فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے سید علی گیلانی کی مسلسل نظر بندی کی شدید مذمت کی ۔ احتجاجی مظاہرین نے ائرپورٹ روڑ پر آنے کی کوشش کی لیکن بھارتی پولیس نے انہیںآگے جانے سے روک دیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی مجلس شوریٰ کے ارکان مولوی بشیر احمد عرفانی، محمد شفیع لون، سید محمد شفیع، امتیاز احمد، گلشن عباس اورتحریک حریت کے رہنماؤں عمر عادل ڈار، سید امتیاز حیدر، نثار احمد بٹ، ظہور احمد بیگ، اشفاق احمد خان، سجاد احمد صوفی، عبدالاحد میر اور سجاد احمد پالہ نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ ادھر سرینگر کے علاقے مائسمہ میں بھی لوگوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے جاری قتل وغارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ 

احتجاجی مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر معصوم شہریوں کا قتل عام بند کرنے کا مطالبہ درج تھا۔ شرکا ء نے آزادی و شہداء کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ احتجاجی مظاہرین نے بڈشاہ چوک میں پرامن احتجاجی دھرنا بھی دیا۔دھرنے سے شوکت احمد بخشی سمیت لبریشن فرنٹ کے کئی رہنماؤں نے خطاب کیا۔لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں مشتاق احمد اجمل، شیخ عبدالرشید، بشیر کشمیری، محمد صدیق شاہ، مشتاق احمد خان، اشرف بن سلام، معراج الدین پرے، امتیاز احمداور مختار احمد صوفی نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔