واشنگٹن۔ امریکا نے کہا ہے کہ واشنگٹن پاکستان میں جمہوریت کا تسلسل چاہتا ہے۔دہشتگر دی کے خلا ف جنگ میں پا کستا ن ہمارا شراکت دار اور اس کی قر با نیا ں قابل تحسین ہیں ، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان برائے جنوبی ایشیا ہیلینا وائٹ ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارا شراکت دار ہے اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ہیلینا وائٹ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنوبی ایشیا کی نئی حکمت عملی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس حکمت عملی میں کہا گیا تھا کہ 15 سال سے جو کچھ ہورہا ہے وہ صحیح نہیں، پاکستان بھی نئی حکمت عملی میں مل کر کام کرے تو پاکستان اور خطے کے لیے کامیابی ہوگی۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس اگست میں ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان، پاکستان اور جنوبی ایشیاء4 کے حوالے سے نئی امریکی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔اس نئی حکمت عملی میں امریکی صدر نے ایک طرف تو پاکستان پر دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرنے کا الزام دہرادیا تھا، دوسری طرف افغانستان میں مزید ہزاروں امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی راہ ہموار کرتے ہوئے امریکا کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کے وعدے سے بھی مکر گئے تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو اربوں ڈالر دیتے ہیں، مگر وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان میں ہمارا ساتھ دینے سے ہی پاکستان کو فائدہ جبکہ دوسری صورت میں نقصان ہوگا۔دوسری جانب رواں برس کے آغاز سے ہی پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات میں تناؤ کی صورتحال ہے، جس کی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ کی یکم جنوری کو کی گئی ایک ٹوئیٹ ہے، جس میں انہوں نے پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیاز۔
اس کے بعد امریکا نے پاکستان کی امداد بند کرنے کے حوالے سے اقدامات اٹھانا شروع کردیئے، امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک پاکستان کی معاونت معطل رہے گی۔دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔