175

افغانستان 3دھماکوں سے لرز اٹھا ٗ56 افراد جاں بحق


کابل۔افغانستان میں تین دھماکوں کے نتیجے میں چھ بچوں اور تین صحافیوں سمیت 56 افراد ہلاک اور 40زخمی ہوگئے،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے،طالبان نے فوری طور پر ان حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کردی ۔افغان وزارتِ داخلہ کے مطابق دارالحکومت کابل میں شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والی ایک ثقافتی تنظیم کے دفتر میں خود کش حملے میں کم ازکم 40 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ہیں۔

بی بی سی کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ خودکش حملہ آور کی جانب سے کیے جانے والے ایک دھماکے کے بعد اسی علاقے میں دو اور دھماکے ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ خودکش دھماکے میں 40 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے۔ شعبہ صحت کے ذرائع نے کہا کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 10بجے ہوا۔جبکہ خودکش حملہ آوور نے خود کو ثقافتی مرکز کے دروازے پر خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

افغان پریس کی شیعہ برانچ کے ایک سربراہ نے بتایا کہ دھماکے کے وقت سے اب تک درجنوں لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔افغان وزارت داخلہ کے نائب کے ترجمان نصرت رحیمی نے بتایا کہ حملے کا نشانہ طیبان کلچرل سینٹر تھا۔ وہاں افغانستان پر سوویت یونین کے قبضے کو 38 برس مکمل ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب جاری تھی کہ دھماکہ ہو گیا۔بتایا گیا ہے کہ بہت سے طلبا اور میڈیا گروپ کے ممبران حملے کے وقت ایک مباحثے میں شریک تھے۔

دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی۔افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک عینی شاہد نے بتایا کہ حملہ آوروں کی تعداد 2 سے 3 تھی جبکہ انہوں نے خود کو دھماکے سے اڑانے سے قبل دستی بموں سے بھی حملہ کیا۔ سکیورٹی فورسز نے حادثے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں افغانستان میں شیعہ برادری پر حملوں کی تعداد بڑھی ہے۔

افغان وزارتِ داخلہ کے ترجمان کے مطابق برچی کے علاقے میں واقع ایک خبررساں ایجنسی کے دفتر کے باہر ایک اور خودکش حملے میں 3 صحافیوں سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے،ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دھماکہ 'افغان وائس' نامی نیوز ایجنسی کے دفتر میں دوپہر کے وقت ہوا۔ دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ادھر افغان میڈیا کے مطابق افغان صوبے بلخ میں سڑک کنارے بم دھماکہ ہوا جس میں6بچے جاں بحق ہوگئے ۔