67

افغانستان‘ صحافیوں پر حملہ میڈیا کی تاریخ کا بدترین دن قرار

کابل۔افغانستان فیڈریشن آف جرنلسٹس( اے ایف جے )اور ملک کے ذرائع ابلاغ کی جانب سے کابل دھماکوں میں 9 صحافیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیاہے۔اے ایف جے نے دہشگردی کے اس واقعہ کو جنگی جرم قرار دیا ہے ۔اے ایف جے اور دیگر ذرائع ابلاغ نے اپنے مشترکہ بیان میں صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس دن کو افغان میڈیا کی تاریخ کا بدترین دن قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردوں کا یہ حملہ جنگی جرم ہے اور اس میں منصوبہ بندی کے تحت افغان میڈیا کو نشانہ بنایا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ میڈیا پر حملوں اور صحافیوں کو دھمکیاں ملنے کے باوجود افغان میڈیا نے معلومات فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔مشترکہ بیان میں اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل اور عالمی عدالت انصاف سے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کامطالبہ کیا گیا جبکہ ساتھ ہی حکومت سے اپیل کی گئی کہ وہ متاثرین کے اہل خانہ کی مدد کرے۔دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس سمیت میڈیا ہاؤسز، مختلف صحافیوں اور آزادی صحافت کی تنظیموں کی جانب سے صحافیوں اور کمیرہ مینوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کابل میں ہونے والے دھماکے میں 9 صحافیوں کی ہلاکت ہوئی تھی، ان صحافیوں میں کیمرہ مین یار محمد توخی، محمد درانی ، عباد اللہ ہنازئی، غازی رسولی، کیمرہ مین نوروز علی رجبی، فوٹوگرافر شاہ مرائی،سلیم تلاش، علی سلیمی اورصباوون ککڑ شامل ہیں۔۔