بیت القدس ۔اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں مزید 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غزہ سرحد کے قریب فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں مزید 3 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔اسرائیلی فوجی حکام کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ 2 فلسطینی اسرائیل میں داخل ہوئے اور اسرائیلی فورسز پر دھماکا خیز مواد پھینکنے کی کوشش کی جس کے جواب میں اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں مارے گئے۔
ایک اور واقعہ میں ایک فلسطینی اسرائیلی فوج کی فائرنگ کی وجہ سے اس وقت ہلاک ہو گیا جب وہ مبینہ طور پر غزہ سرحد عبور کرتے ہوئے اسرائیل داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔دریں اثنا قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 20 فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقامات پرمنتقل کر دیا۔ جنوبی شہر بیت لحم میں تلاشی کے دوران فلسطینی نوجوانوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا جس میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔
اس کے علاوہ غرب اردن کے دوسرے شمالی شہر نابلس میں بھی فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم ہوا، اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی۔ جنین شہر میں اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپوں کے دوران دھاتی گولیوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہو گئے جبکہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اسرائیلی اور فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سیاسی روابط کو بحال کریں۔