82

آج کے جلسے میں آئندہ کی پالیسی دو ں گا‘ عمران خان

لاہور۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج (اتوار)مینار پاکستان جلسے میں 10اہم نکات کا اعلان کروں گااور اپنی آئندہ کی پالیسی دو ں گا،نواز شریف نیلسن منڈیلا نہیں بلکہ فلپائنی آمر مارکوس ہیں،شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے چیف ہیں، آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ سے مقابلہ ہوگا ، موجودہ عدلیہ بہترین کام کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان نے کہا کہ پہلے ہمارے پاس جیتنے والے امیدوار نہیں تھے لیکن اب ہیں۔(ن) لیگ کمزور ہو رہی ہے ،خواجہ آصف کی نا اہلی اس کا ثبوت ہے،(ن) لیگ جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی ، (ق) لیگ اور دوسری جماعتوں کا مقابلہ ہوتا تھالیکن آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف اور (ن) لیگ مد مقابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی سویلین کے دائرہ اختیار میں ہے لیکن سکیورٹی پر دوسرے اداروں کی مشاورت ضروری ہوتی ہے۔

مودی کا مائنڈ سیٹ ایسا نہیں کہ اس سے مذاکرات ہوں۔مودی سے کہا تھا جو بھی ہو مذاکرات کا راستہ بند نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نیلسن منڈیلا نہیں بلکہ فلپائنی آمر مارکوس ہیں۔شہباز شریف کرپٹ ٹولے کے چیف ہیں۔ قبل ازیں عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس ہوا جس میں مینار پاکستان جلسے میں عمران خان کی تقریر کے نکات زیر بحث آئے ۔ اجلاس میں پرویز خٹک ،شاہ محمود قرشی، جہانگیر خان ترین، نعیم الحق، شیریں مزاری، فواد چوہدری ،شفقت محمود سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں خارجہ پالیسی ،زراعت ،مقامی حکومتوں اور کرپشن کے حوالے سے پالیسی کا جائزہ لیا گیا ۔