سوچی۔ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان اور روس کے قومی سلامتی مشیروں نے ایک مشترکہ نشست میں ایشیائی ممالک کی سیکورٹی کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، یہ ملاقات روسی شہر 'سوچی' میں نویں بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس کے موقع پر ہوئی.اعلی ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری ایڈمیرل 'علی شمخانی'، پاکستان کے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر خان جنجوعہ' اور روس کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری 'نکولائی پیٹروشیف' نے اس مشترکہ نشست میں ایشیائی ممالک کی سیکورٹی کانفرنس بلانے کے طریقہ کار اور ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے والے امریکی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان مسائل سے نمٹنے کے لئے ایشیائی ممالک کی جانب سے اجتماعی تعاون بڑھانے پر زور دیا.تینوں ممالک کے اعلی سیکورٹی عہدیدار نے دوسرے ایشیائی ممالک کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے اور آئندہ سیکورٹی کانفرنس میں مختلف ممالک کے عہدیداروں کو مدعو کرنے پر بھی اتفاق کیا۔