واشنگٹن۔ امریکا کے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی نمائندہ مارتھا پیٹرسن نے پاکستانیوں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا اور پاکستان 70 برس سے زائد شراکت دار رہے ہیں اور یہ شراکت داری جاری رہے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستانی سفارتخانے میں دو روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مارتھا پیٹرسن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس تاریخی شراکت داری کو طویل مدت تک قائم رکھنا دونوں ممالک کے لیے اہم تھا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری میں سب سے زیادہ اضافہ گزشتہ برس ہوا جبکہ امریکا اور پاکستان کے درمیان 2017 میں 6 ارب 40 کروڑ ڈالر کی تجارت ہوئی۔
مارتھا پیٹرسن کے بیان پر پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں امریکا نے تاریخی خدمات انجام دی ہیں اور اسلام آباد ان تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکن کمیونٹی، دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کے لیے پہلے ہی اہم کردار ادا کر رہی ہے اور امید ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی نوجوان مختلف شعبوں میں بہتر خدمات سرانجام دے کر امریکی معاشرے میں ایک مثبت کردار ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ باشعور طبقہ امریکا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون اور اعتماد کا رشتہ قائم کرنے کے لیے ایک کلیدی کردار رکھتا ہے۔کنونشن کے اختتام پر پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ اس کنونش کے حوالے سے ایک دستاویز جاری کی جائے گی، جس میں اس کنونش میں ہونے والے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی سفارتخانہ پاکستانی نژاد امریکیوں کو مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔
سفارتخانے میں منعقدہ کنونش کے پہلے روز پینل بات چیت اور پریزنٹیشن ہوئیں، جس میں ثقافت اور موسیقی کی پرفامنس کے ذریعے پاکستانی ورثے کو بہترین پیمانے پر اجاگر کیا گیا۔اس کے علاوہ 6 پینلز پر مشتمل بات چیت میں نوجوانوں کی مصروفیات، خواتین کا کردار، تعلیمی اداروں اور تھنک ٹینک میں آوزیں، عام لوگوں کی مصروفیات، فن اور ادب کے ذریعے ہم آہنگی اور انٹر پرینیورز پر توجہ مرکوز کی گئی۔اس موقع پر امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور یو ایس ایڈ کی جانب سے پاکستان اور امریکا کے درمیان مختلف حصوں میں جاری تعاون پر ایک پریزنٹیشن بھی دی گئی۔
156