142

خیبر پختونخوا حکومت کا چھٹا بجٹ پیش نہ کرنے کا فیصلہ 

پشاور۔و زیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اگلے مالی سال کابجٹ پیش نہ کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے چھٹا بجٹ پیش کرنا غلط ہوگا پی ٹی آئی اس کی حمایت نہیں کرے گی لکی مروت میں سلیم سیف اللہ کو آزاد حیثیت میں سپورٹ کریں گے جن کے گروپ کی طرف سے صوبائی اسمبلی کی تینوں نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدواروں کی حمایت کی جائے گی وہ گذشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطا ب کررہے تھے۔

انہوں جنوبی اضلاع سے مروت اتحاد گروپ کے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں باہمی اتحاد اور تعاون یقینی بنانے اور مشاورت سے فیصلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے وزیراعلیٰ ہاوس پشاور میں مروت اتحاد گروپ کے سربراہ سلیم سیف اﷲ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر ، صوبائی وزراء علی امین گنڈا پور، شاہ فرمان ، مشیربرائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر اراکین صوبائی اسمبلی ، شوکت یوسفزئی، زرگل خان ، ضیاء اﷲ بنگش اور دیگر زعماء بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر جنوبی اضلاع کی ممتاز شخصیات بیر سٹرشیر افضل، احشام انعام اﷲ اور سابق ضلع ناظم لکی مروت اشفاق خان نے اپنے سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ جے یو آئی اور دیگر پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور سلیم سیف اﷲ نے آئندہ عام انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف اور مروت اتحاد گروپ کے اتحاد کا اعلان کیا ۔سلیم سیف ا ﷲ این اے ۔36سے قومی اسمبلی کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گے جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئے اُمیدواروں کا فیصلہ کمیٹی کرے گی ۔

رہنماؤں نے آئندہ انتخابات کے تناظر میں مل بیٹھ کر فیصلے کرنے، متفقہ اُمیدوار سامنے لانے اوران سے بھر پور تعاون یقینی بنانے کا اعلان کیا ۔سلیم سیف اﷲ نے اتحاد کرنے پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ ہمارا طویل سیاسی تعلق رہا ہے۔2013 سے سیف اﷲ برداران کی پاکستان تحریک انصاف سے گہری وابستگی رہی ہے ۔ 

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ مولانا فضل الرحمن ہمارے ووٹوں سے ایم این اے بنے مگر سی پیک ، کرم تنگی ڈیم اور دیگر منصوبوں پر اُن کے تحفظا ت مروت قوم سے دشمنی کے مترادف ہیں۔ مولانا کے فیصلوں اور ترجیحات پر پورے جنوبی اضلاع کے عوام کو تشویش ہے اورمروت قوم کا مطالبہ ہے کہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد کریں ۔

انہوں نے کہاکہ ہم پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں کیونکہ پاکستان کی فلاح و ترقی کی سوچ کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے بدقسمتی سے ملکی حکمرانوں کو پاکستان کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پرویز خٹک کی قیادت میں صوبے کو آگے لے جانے کی بھر پور کوشش کریں گے ۔ پرویز خٹک نے مروت اتحاد گروپ کے پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد اور احشام انعام اﷲ ، بیرسٹر شیر افضل اور سابق ضلع لکی مروت ناظم اشفاق خان کی حامیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کیا۔

آئندہ بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ پارٹی کی سطح پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہم یہ بجٹ پیش نہیں کریں گے ۔یہ آنے والی حکومت کا حق ہے کہ وہ بجٹ پیش کرے ۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر تعجب کا اظہار کیا کہ جب قانون میں ایک راستہ موجود ہے تو اُس پر عمل کیوں نہیں کیا جاتا اگرموجودہ مرکزی حکومت بجٹ پیش کرتی ہے تو غلط ہو گا ۔

نگران حکومت سے متعلق ایک سوال پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے سوچ بچار جاری ہے ابھی تک سارے نام مکمل نہیں ہوئے تاہم باہمی مشاورت کے ساتھ فیصلہ کریں گے ۔