92

فاٹا تک عدا لتوں کا دائرہ کار بڑھانا خوش آئند امر ہے ‘آفتا ب شیرپاؤ 

پشاور۔ قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ قبائیلی عوام کی محرومیوں کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے فاٹا میں ترقیاتی اقدامات شروع کئے جائیں تاکہ وہاں کے عوام میں پائی جانے والی محرومیوں کی کیفیت کو دور کیاجا سکے ۔

عدالتی دائرہ کار کا فاٹا تک توسیع ایک دیرپا لیکن ایک خوش آئند عمل ہے اگر سینیٹ سے فاٹا ریفارمز کی منظوری میں تاخیر نہ کی جاتی تو آج انتخابات میں ان کی صوبائی اسمبلی میں نمائندگی یقینی ہو جاتی اور ابھی بھی سنجیدہ کوششوں سے قبائیلی عوام کو قومی دھارے میں لانے سمیت اسمبلیوں میں نمائندگی دے کر ان کی محرومیوں کو دور کیا جا سکتا ہے۔

انھوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی چیک پوسٹوں کو ہٹانے اور قبائیلی عوام کو درپیش دوسرے اہم ایشوز کو حل کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی احسن اقدام ہے اور پاک فوج کی معاونت قبائیلیوں کی مشکلات کو دور کرنے میں اہم کردار اداکرے گی ان خیالات کا اظہار انھوں نے گجرات ضلع مردان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پچھلے کئی سالوں سے فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام کیلئے جدوجہد کر رہی ہے تاکہ پختونوں کی یکجہتی کو بڑھا کر ان کو ایک قوت بنا سکے اور آج ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہونے والا ہے سپریم کورٹ کا دائرہ کارفاٹاتک بڑھا نا نیک شگون ہے اور اس سے فاٹا کو قومی دھارے میں لانے میں اور ان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں معاونت فراہم کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ قبائیلی علاقہ جات میں غیر ضروری چیک پوسٹوں اور لینڈ مائن کا خاتمہ ترجیحی بنیادوں پر ہونا چاہیے جو کہ قبائیلی عوام کا حق ہے نقیب اللہ کے قاتل راؤ انور کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔