462

انٹرمیڈیٹ امتحانات کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا

پشاور۔پشاور سمیت صوبے کے آٹھوں تعلیمی بورڈوں کے ملازمین کی جانب سے ہڑتال اور دفاتر کی تالہ بندی کے باعث 20اپریل سے شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے جبکہ حکومت نے بھی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے کل پیر کے روز آٹھوں تعلیمی بورڈوں کے چیئرمینوں کو طلب کر لیا ہے اجلاس میں انٹر میڈیٹ امتحانات بارے مشاورت کی جائے گی صوبے کے آٹھوں تعلیمی بورڈوں کے ملازمین صوبائی کابینہ کی جانب سے حال ہی میں بورڈ ایکٹ کو منظور کرنے کے خلاف سراپا احتجاج ہیں ملازمین کا مؤقف ہے کہ بورڈ ایکٹ کے ذریعے تعلیمی بورڈوں کی خود مختاری ختم کی جا رہی ہے۔

ملازمین کے احتجاج اور تعلیمی بورڈوں کی تالہ بندی کے باعث پانچ دن بعد شروع ہونے والے انٹر میڈیٹ کے امتحانات کیلئے سپرنٹنڈنٹس ٗ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور دیگر امتحانی عملے کو ڈیوٹیاں حوالے نہیں کی جا سکی ہیں۔

طلباء و طالبات کو تاحال رول نمبرز بھی جاری نہیں کئے گئے گزشتہ روز سے شروع ہونے والی سپرنٹنڈنٹس کی ورکشاپ کا انعقاد بھی نہ ہو سکا ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے مذکورہ صورتحال کا نوٹس لیا ہے جس کے بعد سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم عابد مجید نے کل پیر کے روز پشاور سمیت صوبے کے آٹھوں تعلیمی بورڈوں کے چیئرمینوں کو طلب کر لیا ہے اس اہم اجلاس میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات بارے اہم فیصلہ متوقع ہے ۔