5

لکی مروت میں پولیس گاڑی پر دھماکہ

لکی مروت: خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس گاڑی کے قریب زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت چھ پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ دھماکہ پیٹرولنگ کے دوران پیش آیا۔ شہداء میں ایس ایچ او صدر اعظم، کانسٹیبل شاہ بہرام، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد، گل زادہ اور سخی زادہ شامل ہیں۔ دھماکے میں کانسٹیبل انصاف الدین زخمی ہوئے۔

دوسری جانب، ضلع لکی مروت کے علاقے تختی خیل میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں 5 خوارج ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شروع کی گئی تھی جس میں پولیس، سی ٹی ڈی اور مقامی امن کمیٹی نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ دہشتگرد اپنے ٹھکانوں میں موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور گولہ بارود چھوڑ کر فرار ہو گئے، جبکہ محفوظ ٹھکانوں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔