341

پشاور میں رنگ برنگے پرندوں کا میلہ سج گیا

پشاور۔پشاور میں صوبہ کی تاریخ کا پہلا سرکاری سطح پر قدرت کے حسین رنگ برنگ پرندوں سے بھرپور پرندوں کا میلہ سجا ، جس میں مختلف اقسام کے پرندے شہریوں کی تفریح کا مرکز بنے، ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا اور پرل کانٹیننٹل پشاور کے تعاون سے پرندوں کا میلہ منعقد ہوا جس میں طوطے، مور، گِد ، چکور ، خصوصی مرغیوں سمیت 100سے زائد مختلف پرندے شامل ہیں جو کہ پشاور، نوشہرہ ، چارسدہ، فیصل آباد،لاہوراور اسلام آباد سمیت دیگر شہروں سے لائے گئے ہیں۔

پرندوں کی نمائش میں بچوں کیلئے فیس پینٹنگ،جادوگری،لائیو موسیقی اور کھانوں کے مختلف سٹالز سمیت دیگرسرگرمیاں منعقد کی گئی ہیں تاکہ یہاں آنے والی فیمیلز مزید تفریح سے مستفید ہوسکیں ، اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد طارق اور ای اے ایم پی سی عباس پرویز نے خصوصی طور پر شرکت کی ان کے ہمراہ منیجر مارکیٹنگ ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواحسینہ شوکت ،منیجر مارکیٹنگ پرل کانٹیننٹل پشاور امتیاز علی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت محمد طارق نے کہاکہ پرندوں کی نمائش کے انعقاد کا مقصد شہریوں میں پرندوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے کہ کیسے پرندوں کو رکھا جاتا ہے اور ان کی دیکھ بھال کس طرح کی جائے اور ساتھ ہی پرندے رکھنے والے افراد وشہریوں میں ان سے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے ۔