180

ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، آرمی چیف 

راولپنڈی ۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مسلح افواج تمام چیلنجز کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں ،ہم تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں، جدید جنگیں مشکل ہوتی جا رہی ہیں، جدید جنگوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین معلومات کا حصول ناگزیر ہے، ملک کو اس وقت کی روایتی اور غیر روایتی چیلنجز درپیش ہیں۔

کیڈٹس کو جدید ترین جنگی ماحول میں کام کرنا پڑے گا، دشمن جانتے تھے کہ وہ ہمیں کھلی جنگ میں شکست نہیں دے سکتے، دشمن نے ہمارا عزم توڑنے کی کوشش کی، ہماری جگہ کوئی اور قوم ہوتی تو اب تک بکھر چکی ہوتی، مقبوضہ کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کا کول میں 137ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔

8واں مجاہد کورس اور 56واں انٹیگریٹیڈ کورس بھی پاس آؤٹ ہوا۔ پاس آؤٹ ہونے والوں میں فاٹا کے 31،بلوچستان کے 67 اور سعودی عرب کے 6کیڈٹس شامل ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے۔ سینئر انڈر آفیسر سید حسنین علی کو اعزازی شمشیر دی گئی، صدارتی گولڈ میڈل سینئر انڈر آفیسر عبدالوہاب ملک نے حاصل کیا۔

سعودی عرب کے انڈر آفیسر سعود نے اوورسیز گولڈ میڈل حاصل کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب کیا، انہوں ن ے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جدید جنگیں مشکل ہوتی جا رہی ہیں، جدید جنگوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین معلومات کا حصول ناگزیر ہے، آپ پاک فوج کا حصہ بن رہے ہیں جب ملک کو کئی قسم کے روایتی اور غیر روایتی چیلنجز درپیش ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کیڈٹس کو جدید ترین جنگی ماحول میں کام کرنا پڑے گا، کیڈٹس اپنی صلاحیتوں کا بھرپور انداز میں مظاہرہ کریں، دشمن جانتے تھے کہ وہ ہمیں کھلی جنگ میں شکست نہیں دے سکتے، اس لئے دشمن نے ہم پر ایک ظالمانہ شیطانی جنگ مسلط کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارا عزم توڑنے کی کوشش کی، ہماری جگہ کوئی اور قوم ہوتی تو اب تک بکھر چکی ہوتی، قوم کے اعتماد اور حمایت سے دشمن کی تمام چالیں ناکام بنادیں۔

پاکستان نے دہشت گردی انتہا پسندی کو مسترد کر دیا، قوم اور مسلح افواج دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں، پاکستان سے تمام دہشت گرد جماعتوں کا ڈھانچہ ختم کر دیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن ردالفساد محض آپریشن نہیں ایک نظریہ ہے، آپریشن ردالفساد کے ذریعے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کر رہے ہیں، پاک سرزمین سے دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ ہمارا عزم ہے، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، ہم تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، مسلح افواج تمام چیلنجز کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہے، مقبوضہ کشمیر کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔