107

سرکاری افسران کے لگژری گاڑیوں کے استعمال کا نوٹس 

لاہور ۔ چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزراء، سرکاری افسران کے لگژری گاڑیوں کے استعمال کا ازخود نوٹس لے لیا ، ملک بھر کے وفاقی اور صوبائی محکموں سے لگژری گاڑیوں کے استعمال پر رپورٹ طلب کر لی گئی ۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ریلوے خسارے سے متعلق کیس کی سماعت میں دوران بریفنگ لگژری گاڑیوں کے استعمال کا نوٹس لیا ۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ازخود نوٹس جاری کیا ۔

چیف جسٹس نے کہا کہ بتایا جائے کہ کتنے وفاقی وزراء اپنی حیثیت سے زیادہ گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں ،کتنے سرکاری افسران کے زیر استعمال حیثیت سے زائد لگژری گاڑیاں ہیں ،اس کے ساتھ تمام صوبوں کے ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کے زیر استعمال لگژری گاڑیوں کی بھی رپورٹ دی جائے۔

سپریم کورٹ نے تمام صوبوں کے کابینہ سیکرٹریز، وفاقی سیکرٹریز کابینہ کو رپورٹ جمع کروانے حکم دیا ، اس کے ساتھ تمام ہائیکورٹس کے رجسٹرارزکو بھی 15 دنوں میں رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا گیا ۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ صحت اور تعلیم کی صورتحال خراب ہے اور افسران لگژری گاڑیاں انجوائے کر رہے ہیں۔