107

ن لیگ کی خیبر پختونخوا اور پنجاب میں اہم وکٹ گر گئی

پشاور/اسلام آباد ۔ تحریک انصاف نے ن لیگ کی خیبر پختونخوا اور پنجاب میں اہم وکٹیں اڑا دیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری اور این اے فور پشاور کے سابق ٹکٹ ہولڈر ناصر خان موسیٰ زئی نے گزشتہ روز بنی گالہ میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے دوران اپنے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ (ن)چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر تحریک انصاف کی مرکزی قیادت اسد عمر ، شفقت محمود ، شیرین مزاری ، نعیم الحق ، خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ شاہ فرمان اور خیبر پختونخوا سے رکن قومی اسمبلی ارباب عامر بھی موجود تھے ۔

دوسر ی جانب ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی بلال ورک تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ ایم این اے بلال ورک نے عمران خان سے انکی رہائش بنی گالہ میں ملاقات کی اورعمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انہیں پارٹی میں آمد پر خوش آمدید کہا ،اس موقع پر پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔

بلال ورک نے کہا کہ عمران خان کرپشن سے نجات کیلئے پنجاب کے عوام کی امیدوں کا محور ہیں۔واضح رہے کہ بلال ورک این اے 136 ننکانہ صاحب سے ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔