77

امریکی سفارتخانے کے اہلکار کی صلح کیلئے کوششیں تیز

اسلام آباد۔ وزارت خارجہ نے امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان عتیق بیگ کے لواحقین اور امریکی سفارتخانے کے مابین صلح کیلئے کوششیں تیز کر د یں ، ذرائع کے مطابق امریکی سفارت کار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر امریکی سفارت خانے اور جاں بحق عتیق کے لواحقین کے درمیان صلح کرانے کی کوششیں تیزکر دی گئی ہیں ، وزارت خارجہ حکام اور اسلام آباد پولیس فریقین کے درمیان صلح کرانے کے لئے سرگرم ہے ۔

دوسری طرف ایس ایچ او تھانہ کوہسار نے تفتیش کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج محمد سہیل کی عدالت میں مقتول عتیق کے والد کی جانب سے تفتیش اوپن کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایس ایچ او تھانہ کوہسار خالد محمود اعوان نے تفتیش کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں کہا گیا کہ تمام قانونی تقاضے پورے کیے گئے ہیں اور تفتیش مقدمہ میرٹ پر لائی گئی ہے ۔

اس موقع پر مقتول کے والد نے بتایا کہ پولیس موقع کے گواہان کے بیان ریکارڈ نہیں کر رہی ۔ ۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت اٹھارہ اپریل تک ملتوی کر دی ۔