309

حاجی کیمپ ہسپتال میں بی برن سنٹر قائم کرنیکا فیصلہ

پشاور۔سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور نے صفت غیور(حاجی کیمپ) چلڈرن ہسپتال میں تشنج سے متاثرہ بچوں کیلئے خصوصی ڈارک روم جبکہ پیدائشی بیمار بچوں کیلئے بے بی برن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا ‘ ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے گذشتہ روزصفت غیور(حاجی کیمپ) چلڈرن ہسپتال کا دور ہ کیا اس موقع پر ہیلتھ کمیٹی کے چیئرمین شمس الباری، علاقہ ڈسٹرکٹ ممبرملک امان،ٹاؤن ممبر حاجی سعید ،نیبرہوڈ ناظم ملک شاہ نواز اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ‘ضلع ناظم نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا جبکہ مریضوں سے انکو دی جانے والی صحت کی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں‘ہسپتال کے ایم ایس نے ضلع ناظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے بعد باآسانی ہسپتال عملہ کی نگرانی کی جارہی ہے۔

جبکہ ضلعی حکومت کی جانب سے جاری فنڈزسے بلاتعطل مریضوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہے ہسپتال انتظامیہ کے مطالبہ پر تشنج سے متاثرہ بچوں کے بہترین علاج کیلئے خصوصی ڈارک روم قائم کرنے کا اعلان کیا اور سب انجینئرکو تین دنوں کے اندر رپورٹ تیار کرکے انکو ارسال کرنے کے احکامات جاری کئے اس کے علاوہ پیدائشی طور پر ہیپاٹائٹس سے متاثرہ بچوں کیلئے نیو بے بی برن یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا ۔

اس موقع پر ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے کہا کہ بچوں کے امراض کیلئے مخصوص صوبے کے واحد صفت غیور(حاجی کیمپ) چلڈرن ہسپتال کو سہولیات مہیا کرنے کیلئے وہ براہ راست بذات خود نگرانی کررہے ہیں لہذا کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی انہوں نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو بھی وقتا فوقتا ہسپتال کے دورہ کرنے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں براہ راست ان سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔