233

وفاق المدارس کے سالانہ امتحانات کا آج سے آغاز

پشاور۔وفاق المدارس کے صوبائی ناظم مولانا حسین احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں 14اپریل سے 19اپریل تک وفاق المدارس کے تحت سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا ہے 3لاکھ 53ہزار 527 طلبہ وطالبات اس امتحان میں شرکت کررہے ہیں ۔جن کے لیے 1ہزار 807امتحانی سنٹرز قائم کیے گئے ہیں 17ہزار676افراد پر مشتمل امتحانی عملہ امتحانی عمل کی نگرانی کرے گا۔ کراچی سے چترال وگلگت بلتستان تک اور تربت ومکران سے لیکر کشمیر کی آخری سرحدوں تک طلبہ وطالبات ایک نصاب میں بنے ہوئے پرچے حل کریں گے۔

پور ے ملک میں صبح آٹھ بجے پرچہ کھلے گا جو 12بجے تک جاری رہیگا۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس میں کوئی طبقاتی نظام تعلیم نہیں نہ ہی ہر صوبے کا الگ الگ نصاب ہے۔ یہاں یکسا ں نصاب اور یکساں نظام تعلیم ہے۔کاش ہمارے سرکاری اداروں اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں ایسا ہو۔ اگر حکومت نے بھی ایسا کرلیا تو ملک پرا س کے بہتراثرات مرتب ہوں گے۔صوبائی ناظم کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں 1لاکھ 47ہزار طلبہ وطالبات امتحان میں شرکت کررہے ہیں۔ ان کے امتحانات کی نگرانی کے لیے صوبہ بھر میں 812امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں ۔

7ہزار 535افراد پر مشتمل عملہ صوبے میں امتحانی عمل کی نگرانی کرے گا۔ پورے صوبے میں مراکز کے معائنوں کا نظم قائم کردیا گیا ہے اور وفاق کے امتحانات کو دیکھنے کے لیے حکومتی انتظامیہ، محکمہ تعلیم کے افسران اورمیڈیا کے نمائندوں کودعوت دی گئی ہے۔