229

خیبر پختونخوا اسمبلی میں قندوز حملے کیخلاف قرارداد منظور

پشاور۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں 18ویں ترمیم میں ممکنہ ردو بدل اورافغانستان کے شہر قندوز میں مدرسے پر حملے کے خلاف قرار دادیں اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی ہیں ٗ دونوں قرار دادیں پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی فخر اعظم وزیر نے پیش کیں جن کی حکومت نے بھی تائید کی 18ویں ترمیم کے خلاف قرار داد میں کہا گیا کہ’اٹھارویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری دی گئی اورانہیں یکساں طور پر ترقی کے مواقع ملے اس لئے اس ترمیم میں ترمیم یا اسے رول بیک کرنے کی شدید مخالفت کی جائے گی ۔

قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ 18ویں ترمیم پر من وعن عمل کیاجائے کیونکہ اس سے جمہوریت کو تقویت ملے گی دوسری قرار داد میں کہا گیا کہ فغانستان کے صوبہ قندوز میں امریکہ کی جانب سے دینی مدرسے پر حملے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی جاتی ہے جس میں 100سے زائد حفاظ شہید ہوئے اور یہ کھلی دہشت گردی اور انسانیت سوز واقعہ ہے۔

اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور عالمی برادری کے لیے امریکہ کی یہ جارحیت اوردرندگی کھلا چیلنج ہے جس کو اگر نہ روکاگیاتو بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام یونہی جاری رہے گا اس لیے ہم مرکز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ امریکہ کی اس درندگی کا معاملہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کے ساتھ اٹھائے۔