82

چینی فضائیہ کے سربراہ کا رسالپور میں پریڈ کا معائنہ

رسالپور ۔چینی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لے بینگ نے کہا کہ پاکستان اور چین میں گہرے دوستانہ تعلقات ہیں‘ پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے، تقریب نے مجھے چالیس سال پہلے کی پاسنگ آؤٹ تقریب یاد دلا دی ہے، دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے،دونوں کی مسلح افواج کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، نئے غیر معمولی آفیسرز کی شمولیت پر پاک فضائیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ ملکی سلامتی اور علاقائی سالمیت کی ذمہ داریاں آپ کے کندھوں پر ہیں ۔

جمعہ کو پاکستان ایئرفورس اصغر خان اکیڈمی رسالپور میں 139 جی ڈی پی 95 ایئر ڈیفنس‘ 85 ویں انجینئرنگ کورس کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی پریڈ میں چوتھے لاجسٹک اور 20 ویں اے اینڈ ایس ڈی کورسز کے کیڈٹس بھی شریک ہوئے پاس آؤٹ ہونے والے 109 کیڈٹس میں دو سعودی بھی شامل ہیں۔ چینی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لے ہینگ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا چینی فضائیہ کے سربراہ نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ محمد کامران کو دی گئی۔ چیف آف ایئر سٹاف ٹرافی انجینئرنگ ایوی ایشن کیڈٹ حمزہ حسین کو دی گئی۔

مجموعی طور پر عمدہ کارکردگی پر ایوی ایشن کیڈٹ امیر حمزہ ڈوگر کو اعزازی شمشیر دی گئی۔ چیف آف ایئر سٹاف فلائنگ ٹرافی امیر حمزہ ڈوگر کو دی گئی۔ ایوی ایشن کیڈٹ فرخ اقبال کو اعزازی شمشیر سے نوازا گیا۔ ایڈمن اینڈ سپیشل ڈیوٹی کورس ٹرافی کیڈٹ ساجد ولید کو دی گئی بہترین ایئر ڈیفنس کیڈٹ ساجد سروش کو اعلیٰ کارکردگی پر ٹرافی دی گئی۔ چینی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لے بینگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے اس تقریب نے مجھے چالیس سال پہلے کی پاسنگ آؤٹ تقریب یاد دلا دی ہے۔ پاس ہونے والے سعودی کیڈٹس کو بھی میری طرف سے مبارکباد۔

آپ ملکی سلامتی کے لئے ملٹری کیریئر کا آغاز کررہے ہیں۔ کیڈٹس کی تعلیم و تربیت کرنے والے اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان اور چین کے گہرے برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہیں دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون موجود ہے۔ دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے دریان بھی گہرے تعلقات ہیں ملکی سلامتی اور علاقائی سالمیت کی ذمہ داریاں آپ کے کندھوں پر ہیں نئے غیر معمولی آفیسرز کی شمولیت پر پاک فضائیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔