238

قبائلی علاقوں میں اشیائے خوردنی پر ٹیکس ختم کرنیکا حکم

پشاور ۔گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے قبائلی تاریخ میں انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے قبائلی علاقہ جات میں تمام اشیائے خوردونوش پرعائد ٹیکس مکمل طور پر ختم کرنے اورٹی ڈی پیز کیلئے تعمیراتی مٹیریل پر بھی ٹیکس ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پولیٹیکل ایجنٹس کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ قبائلی عوام کودرپیش مسائل قبائلی روایات کے مطابق جرگہ کے ذریعے حل کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہارگورنرنے جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں پولیٹیکل ایجنٹس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹاسکندرقیوم،تمام ایجنسیوں کے پولیٹیکل ایجنٹس اور ایف آرز کے ڈپٹی کمشنر ز نے شرکت کی۔ گورنرنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج، قبائلی عوام اوردیگرسیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت فاٹامیں امن بحال ہواہے اور پولیٹیکل ایجنٹس کو قبائلی علاقہ جات میں امن وامان کو برقراررکھنے اورقبائلی عوام کے مسائل کے حل کیلئے موثراقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ اوراس ضمن میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا کو ہفتہ وار رپورٹ چیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہاکہ عارضی طور پربے گھرافرادکی باعزت واپسی اوربحالی کے بعد فاٹا کی مجموعی ترقی اورانفراسٹرکچرکی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اورمتعلقہ حکام کو ترقیاتی منصوبوں کی موثرنگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ فاٹا سے پولیوکے خاتمے میں پولیٹیکل انتظامیہ، سیکورٹی فورسز اورمحکمہ صحت کے کردارکوسراہتے ہوئے گورنرنے کہاکہ پولیو فری فاٹا برقراررکھنے کیلئے مزید موثرکارکردگی دکھاناہوگی۔ 

گورنرنے پولیٹیکل ایجنٹس کو یہ بھی ہدایت کی کہ اپنے اپنے متعلقہ ایجنسیوں میں عوام کودرپیش مسائل کے حل کیلئے باقاعدگی کے ساتھ مختلف علاقوں کادورہ کریں دریں اثنا یونیسیف کے ایک اعلی سطحی وفد نے ساوتھ ایشیا کیلئے ریجنل ڈائریکٹر جان گوگ کی قیادت میں گورنرہاؤس پشاور میں گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑاسے ملاقات کی۔ وفد میں دوسرے کے علاوہ کرسٹین منڈوٹ،جان اگبور،چارلس نزوکی ڈاکٹرطفیل احمداوردیگر شامل تھے۔ وفد نے پولیو کے خاتمے سے متعلق خیبرپختونخوا اورفاٹا میں اپنی سرگرمیوں سے گورنر کوآگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے گورنرنے کہاہے کہ کامیاب انسداد پولیومہمات کے نتیجے میں فاٹا کوپولیو سے پاک کردیاگیا ہے اور گذشتہ دوسال سے فاٹا میں پولیو کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے اوراس ضمن میں عالمی اداروں کے تعاون کو سراہا ہے۔دریں اثناء پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر جین فرانسس کاٹین نے بھی جمعرات کے روزگورنرہاؤس پشاورمیں گورنرخیبرپختونخو اانجینئراقبال ظفرجھگڑا سے ملاقات کی اور صوبے اورفاٹاکے عوام کی فلاح وبہبود کے حوالے سے گفتگو کی۔