266

چینی کمپنی کی خیبر پختونخوا میں سستے گھر وں کی پیشکش

پشاور۔چین کی تعمیراتی کمپنی’’ننجونگ سنجیان کنسٹرکشن کمپنی لمیٹڈ‘‘ نے خیبرپختونخوا میں کم قیمت اور کم بجلی گھر متعارف کرانے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی ڈاکٹرامجد علی اور ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ہاؤسنگ اتھارٹی سیف الرحمن عثمانی کو ایک اجلاس میں جمعرات کے روز کمپنی کے ایک نمائندہ وفد نے کی۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی اورڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی نے وفد کو صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع ،گھروں کی ضرورت اور کم بجلی خرچ گھروں کی ضرورت سے آگاہ کیا۔ وفدکے ممبران نے انہیں ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں سے اگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ وہ جو گھر تعمیر کرتے ہیں وہ کم قیمت ،پائیدار اور توانائی بچانے والے ہوتے ہیں۔

طویل بحث کے بعدیہ فیصلہ کیاگیا کہ چائنہ کمپنی فوری طورپر ایک موزوں جگہ ترجیحاً موٹر ویز کے قریب نمونے کے طورپر گھر بنائے گی اوربعد ازاں اس حوالے سے مشترکہ طورپر یاخود ہی گھروں کی تعمیر کے بارے میں ایک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے اوران گھروں کو مناسب قیمت پر صوبے کے لوگوں کو فراہم کیاجائے گا۔ اس مقصد کے لئے کمپنی صوبے میں ایک مستقل دفتر بھی کھولے گی۔