213

بیساکھی میلہ منانے بھارتی سکھ یاتری لاہور پہنچ گئے

لاہور۔ خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلہ منانے کیلئے 850سکھ یاتری خصوصی ٹرین کے ذریعے براستہ واہگہ لاہور پہنچ گئے، سکھ یاتری پاکستان میں 10 روز ہ قیام کے دوران حسن ابدال، لاہور اور ننکانہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلہ منانے کے لیے 850سکھ یاتری بھارت سے خصوصی ٹرین کے ذریعے براستہ واہگہ بارڈر لاہور پہنچ گئے ہیں ۔مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے آنے والے سکھ یاتری پاکستان میں 10 روز قیام کریں گے۔

اس دوران وہ حسن ابدال، لاہور اور ننکانہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔جتھہ کے لیڈر سردار گرمیت سنگھ نے پاکستان آمد پر کہا کہ پاکستان کی دھرتی پوری دنیا کے سکھوں کے لیے مقدس مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ سکھ میرج ایکٹ کی منظوری حکومت کی قابل تحسین کاوش ہے۔خیال رہے کہ خالصہ جنم دن کی مرکزی تقریب 14 اپریل کو گورداروا پنجہ صاحب حسن ابدا ل میں ہوگی۔