266

خیبر پختونخوا کا بلدیاتی نظام بہترین ماڈل قرار

پشاور ۔ سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ مقامی حکومتوں کابین الاقوامی اہداف برائے پائیدار ترقی میں کردار مسلمہ حقیقت ہے ۔ پاکستان میں مقامی حکومتوں کے نظام کو تسلسل ملے گا تو نہ صرف ملک میں جمہوریت مضبوط ہوگی بلکہ لوگوں کے مسائل میں کمی آئے گی ۔ بڑ ی تیزی کے ساتھ لوگ شہر وں کومنتقل ہورہے ہیں اور پاکستان میں دس بڑے شہر ایسے ہیں جس کی آبادی دس ملین سے بڑھ رہی ہے ۔بڑھتی ہوئی شہری آبادی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے ہوں گے

۔ وہ اسلام آباد میں بین الاقوامی کانفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے ۔ یواین ڈی پی اور جی آئی زیڈ کے تعاون سے منعقدہ کانفرنس میں تقریباً20 ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ پاکستان کے چاروں صوبوں سے منتخب مقامی حکومتوں کے نمائندوں اور لوکل کونسل ایسوسی ایشن اور ایس ڈی جی کے حوالے سے مقامی حکومتوں کے فعال کردار اور اہمیت پر سیر حاصل بحث ہوئی ۔

کانفرنس میں حکومت خیبرپختونخوا کے مقامی حکومتوں کے قانون کو پاکستان کی سیاسی منتخب حکومتوں کی طرف سے بہترین ماڈل قرار دیاگیا ۔ کانفرنس میں چین ، انڈونیشیا ، سری لنکا ،تھائی لینڈ اور دیگر ممالک کے ماہرین نے بڑھتے ہوئے شہری آبادی اور ان کو درپیش مسائل ومشکلات کا ذکر کیااور اس حوالے سے مختلف تجاویز دیے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاًخیبرپختونخوا میں Urbanization کے وجوہات میں معاشی سے زیادہ دہشت گردی کے خلاف جنگ شامل ہیں ۔