202

تجارتی مراکز میں لیڈیز پولیس تعینات کرنیکا فیصلہ

پشاور۔کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے تھانوں میں سائلین کو درپیش مسائل کے فوری حل ٗبازاروں کی سکیورٹی کا ازسرنو جائزہ لینے اور تجارتی مراکز میں مرد اہلکاروں کے ساتھ لیڈ یز پولیس بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سٹریٹ کرائمز پر قابو پانے ٗجرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور منشیات فروشوں کیخلاف موثر کاروائی کی بھی ہدایت کی گئی ہے اس ضمن میں گزشتہ روز ایسا یس پی آپریشنز جاوید اقبال کی سربراہی میں تھانہ کوتوالی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا ۔

جس میں سٹی ڈویژن کے ڈی ایس پی پیز فضل واحد خان ٗ عتیق شاہ خان ٗ ایس ایچ اوز ٗ پی ایل سی ممبران ٗ بازار کے صدور اور منتخب نمائندوں نے شرکت کی کھلی کچہر ی میں بازاروں کے صدورنے فرداً فرداً ایس ایس پی آپریشن کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ایس ایس پی آپریشن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کی تجاویز ،شکایات اور اجتماعی مسائل ہمارے ساتھ کھل کر بیان کریں۔

ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ عوامی مسائل کو سننے اور اس کے سدباب کیلئے قانون کے مطابق حل کرنے کی کوشش کریں عوامی مسائل کے بہتر حل کیلئے پولیس اور عوام لازم وملزوم ہیں پولیس کافرض ہے کہ عوام کی جان ومال عزت آبرو کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار رہے بازاروں کی سکیورٹی کیلئے لیڈیز پولیس اور جوان اہلکار تعینات ہونگے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ہرممکن کوشش کرینگے تھانوں کی سطح پر عوام کے ساتھ اچھے اخلاق کا برتاؤ کیا جائیگا ۔