سری نگر: بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیا۔
مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ماہ سے بھارتی بربریت میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں اب تک 20 سے زائد کشمیری شہید اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع کلگام کے علاقے خدوانی میں سرچ آپریشن اور محاصرے کے خلاف احتجاج کرنے والے پر امن مظاہرین پر فائرنگ کی جس سے 3 افراد شہید جب کہ 50 زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق شہید ہونے والوں میں 13 سالہ لڑکا بلال احمد بھی شامل ہے جب کہ دیگر 2 شہدا میں شرجیل احمد اور فیصل الٰہی شامل ہیں۔
کشمیری میڈیا کا کہنا ہےکہ قابض بھارتی فوج نے گھروں کو بھی نقصان پہنچایا جب کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے ضلع میں اسکول اور کالج بھی بند کرادیئے۔
حریت رہنما نظر بند
دوسری جانب بھارتی پولیس نے سری نگر میں حریت رہنما یاسین ملک کو حراست میں لے لیا اور میر واعظ عمر فاروق کو قابض انتظامیہ نے گھر میں نظر بند کردیا۔
حریت قیادت نے قابض فوج کی بربریت کے نتیجے میں تین افراد کی شہادت پر کل وادی میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے