218

افغانستان میں پاکستانی قونصل خانے کا اعلیٰ عہدیدار شہید

اسلام آباد۔ افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں نامعلوم افراد نے پاکستانی قونصل خانے کے ایک اعلی عہدیدار نیئر اقبال رانا کو گھر کے سامنے فائرنگ کر کے شہید کردیا ۔ پیر کو کابل میں پاکستانی سفارتی ذرائع نے فون پر این این آئی کو بتایا کہ نیئر اقبال رانا کو پیر کی شام پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے ، دو حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے جو فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

واقعے کے بعد پاکستانی سفارتخانے میں افغان حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے اور انہیں دیگر پاکستانی سفارتکاروں اور عملے کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ، حملے کے بعد نیئر اقبال رانا کی میت کو جلال آباد ہسپتال لے جایا گیا ، پاکستانی حکام نے افغان حکام سے قانونی کارروائی جلدی پوری کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ میت کو پاکستان منتقل کیا جائے، کسی گروپ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی حکام نے افغان حکومت کو مسلسل دھمکیوں سے آگاہ کیا گیا تھا لیکن سیکیورٹی کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں اٹھائے گئے۔ذرائع کے مطابق نیئر اقبال رانا جلال آباد میں پاکستانی قونصلیٹ میں اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری کے طور پر کام کررہے تھے ۔