81

رواں سال 8لاکھ سے زائد بچے سکول داخل کرانے کا منصوبہ

پشاور۔ صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ اس سال ساڑھے آٹھ لاکھ بچے سکولوں میں داخل کرائے جائیں گے اور والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو سکولوں میں ضرور داخل کرائے۔ کیونکہ تعلیم ہی قوموں کی کامیابی کا واحد راستہ ہے ۔ انہوں نے یہ باتیں پشاور میں سالانہ داخلہ مہم کے دوران میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں کی اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ ہم نے تعلیمی بجٹ 63ارب روپے سے بڑھا کر 137ارب روپے تک پہنچا دیا جبکہ اس سال کے تعلیمی بجٹ کو 158ارب روپے تک بڑھانے کی تجویز ہے ۔ جس سے معیار تعلیم کے حصول کیساتھ ساتھ محکمہ تعلیم میں مزید بہتری لائی جاسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح سکولوں کی حالت کو ٹھیک کرنا تھا۔ اور ہم اس میں کافی حد تک کامیاب رہے جبکہ دوسرے فیز میں ہم نے تعلیم کی بہتری پر توجہ دی اور آج سرکاری سکولوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور سرکاری سکولوں پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے ۔ صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ جن سکولوں تک کتابیں اب تک نہیں پہنچی ، ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیکر کاروائی کی جائیگی۔ اور تمام طلباء کو جلد از جلد کتابوں کی ترسیل یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ اساتذہ ٹیچنگ کو چھوڑ کر سیاست کرنا چاہتے ہیں جو کہ سراسر زیادتی ہے کیونکہ اساتذہ کو زیادہ تر توجہ اپنی طلباء پر دینی چاہیے۔

جبکہ موجودہ صوبائی حکومت کی طرف سے منظور شدہ ٹائم سکیل سے 55ہزار اساتذہ کو پروموشن ملے گا جبکہ ٹائم سکیل اور سروس سٹرکچر سے زیادہ تر اساتذہ خوش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے محکمہ تعلیم میں عملی اقدامات کئے ہیں اور بجٹ کی بہتری کیساتھ ساتھ اساتذہ کی ٹریننگ ، مانیٹرنگ یونٹ کے قیام سے اساتذہ اور طلباء کی کارکردگی میں بہتری کیساتھ ساتھ سکولوں کی کمی کو بھی کافی حد تک پورا کیا گیا ہے ۔ صوبائی وزیر نے تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گلی کوچوں کی تعمیر سے قومیں کبھی نہیں بنتی ۔ قوموں کی ترقی کیلئے معیاری تعلیم بہت ضروری ہے ۔